فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی ) خود میٹرک کے امتحان میں فیل قرار پانے والے وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے کھیل ملک عمر فاروق تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کرتے رہے ۔ تقریب میں خاص مہمان کے طور پر مدعو معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اسی سال میٹرک کا امتحان دینے کے لئے داخلہ بھجوایا تھا مگر امتحان میں شریک نہ ہوئے ۔ غیر حاضر ہونے کی وجہ سے بورڈ کی طرف سے انہیں فیل قرار دیا گیا۔ مگر معاون خصوصی ملک عمر فاروق کو اپنے فیل ہونے کا کوئی پچھتاوا نہیں تھا بلکہ وہ پوزیشن ہولڈرز کو شاباش دیتے ہوئے مسکراہٹوں کا تبادلہ بھی کرتے رہے ۔ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی طرف سے اس حوالہ سے واضح کیا گیا کہ اگر کوئی بھی امیدوار داخلہ بھجوانے کے بعد امتحان سے غیر حاضر ہوتا ہے تو فیل تصور ہوتا ہے ۔