اسلام آباد،جیکب آباد،سکھر (نامہ نگار،بیورو رپورٹ،این این آئی)نیب نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماخورشید شاہ کے اکاؤنٹس میں کروڑوں روپے منتقل کرنے والے سرکاری کنٹریکٹر کوجیکب آباد سے گرفتار کر لیا۔نیب کی جانب سے جاری اعلامیہ میں سرکاری کنٹریکٹر عبدالرزاق بہرانی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملزم کروڑوں روپے خورشیدشاہ کے اکاؤنٹس میں منتقل کرتا رہا اور منتقل کی گئی رقوم سے مالی فوائدبھی حاصل کرتا رہا۔ملزم جیکب آباد کے ترقیاتی کاموں کے فنڈز میں بھی خردبرد کرتا رہا ، ملزم کیخلاف فنڈز میں خرد برد کی درخواست سپریم کورٹ میں بھی دائر ہے ۔عبدالرزاق بہرانی مشیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے بے نامی اثاثوں کا بھی مالک ہے ۔نیب ٹیم نے گزشتہ ماہ 10 اکتوبر کو کراچی کے علاقے خیابان سحر میں بھی ملزم کے گھر پر چھاپہ مار ا تھا تاہم وہ چھاپے سے قبل فرار ہوگیا تھا۔نیب ٹیم نے گھر کی تلاشی کے بعد گھر سے اہم ریکارڈ بھی تحویل میں لیا تھا۔ اہم ذرائع سے معلوم ہے گرفتار ٹھیکیدار عبدالرزاق بہرانی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہے ،احتساب عدالت سکھر نے ملزم کوپندرہ روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔ واضح رہے ٹھیکیدار عبدالرزاق بہرانی کی مختلف کنسٹرکشن کمپنیوں کو جیکب آباد میں اربوں روپے مالیت کے تمام بڑے بڑے ٹھیکے ملے جن میں بلاول بھٹو فلائی اووراورنور واہ رنگ بند بھی شامل ہے ۔