فیصل آباد (نیٹ نیوز) فیصل آباد کے قریب واقع گاؤں خوش پور جہاں جہاں چرچ کی گھنٹی اور مسجد کی اذان ساتھ سنائی دیتی ہے ،اس کشادہ ، ہری بھری بستی کی ترقی، خوشحالی اور ہم آہنگی میں چرچ اور مسجد کا بھی کلیدی کردار ہے ، گاؤں کے سکولز اور دیواروں پر جگہ جگہ آیات قرآنی اور بائبل کی آیات کی منفرد خطاطی نظر آتی ہے ۔اس کیتھولک اکثریتی گاؤں نے آسیہ بی بی کی رہائی کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ،الیکشن کمیشن کے مطابق خوش پور سے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد تقریباً پانچ ہزار تک بنتی ہے ،مسیحیت اور اسلام کا ایک صدی سے زائد عرصے کا مثالی تعلق دیکھنا ہو تو پھر خوش پور گاؤں سے بہتر مثال شاید ہی کوئی اور ہو،یہاں بسنے والے مذہبی اور سماجی فرق کے باوجود امن، محبت اور بھائی چارے سے زندگی بسر کرتے آ رہے ہیں،خوش پور میں مسلم اور مسیحی ایک دوسرے کی خوشی غمی میں بھی شریک ہوتے ہیں، کرسمس ہو یا عید یہاں کے مکین ایک دوسرے کے تہواروں میں بھی شانہ بشانہ ہوتے ہیں، یہاں کے قبرستان میں بھی کوئی تفریق نہیں ہے ،خوش پور نے ہر شعبے میں بڑے نام پیدا کیے ہیں، اس کی بنیادی وجہ یہاں کا ماحول تھا۔خوش پور گاؤں کی مشہور شخصیات میں علامہ پال ارنسٹ ، ڈاکٹر بشپ جان جوزف ، بشپ روفن انتھنی، پادری ڈاکٹر پرویز عمانوئیل، لسال برادرز اور پادری آفتاب جیمز پال شامل ہیں۔