فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے ہرادیا۔ خیبرپختونخوا کے فخرزمان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 82 رنز بنائے تاہم اختتامی اوورز میں نوجوان بلے باز خوشدل شاہ نے دھواں دھاربلے بازی کی اور صرف 26 گیندوں پر ناقابل شکست 46رنز بنائے ۔ خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنر بابراعظم نے 83 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی ۔عمراکمل نے ناقابل شکست 53رنز بنائے ۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے ۔178 رنز پر مشتمل ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا نے19.4اورز میںکامیابی حاصل کرلی۔ میچ میں ناکامی کے باعث سنٹرل پنجاب کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ دوسرے میچ میں ناردرن بلوچستان کو سات وکٹوں سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔بلوچستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 155رنز بنائے ۔امام الحق 15، اویس ضیا31، حسین طلعت ناقابل شکست 77رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز وکٹ پر جم کے نہ کھیل سکا۔ شاداب خان نے چار، سہیل تنویر اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ ناردرن نے 17اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ علی عمران نے 65، راحیل نذیر نے 55جبکہ آصف علی نے 17رنز بنائے ۔