سان ڈیاگو(ویب ڈیسک) ذیابیطس سے خون کی نالیاں اور رگیں شدید متاثر ہوتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ امراضِ قلب، فالج اور نظر کی کمزوری کی وجہ بھی بنتی ہے ۔یونیورسٹی آف کیلیفورنیا ڈیوس کے ماہرین نے اب خلوی سطح پر ذیابیطس اور رگوں کی خرابی پر تفصیلی تحقیق کی ہے ۔ توقع ہے کہ اس تحقیق سے نہ صرف ذیابیطس کے علاج میں نئے طریقے دریافت ہوں گے بلکہ خون میں گلوکوز کی سطح کم رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔ خلوی سطح پر ذیابیطس کے اثرات سے ہم ان دونوں کے درمیان تعلقات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے ۔یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کے پروفیسرمینویل ناویڈو اور ان کے ساتھیوں نے ثابت کیا ہے کہ خون میں شکر میں اضافے سے سے ایک خاص طرح کا خامرہ (اینزائم) بڑھ جاتا ہے جسے ’پروٹین کائینیز اے ‘ (پی کے اے ) کہا گیا ہے ۔ اس سے خون کی رگوں میں کیلشیم چینل کی سرگرمی بڑھ جاتی ہے ۔