لندن (غلام حسین اعوان) لندن کے ہسپتال میں سابق وزیراعظم نواز شریف کا پی ای ٹی سکین مکمل کرلیا گیا جبکہ دل کو خون پہنچانے والی شریان سکڑنے کے سبب نواز شریف کو دل کے دورے کا خطرہ ہے ۔ہسپتال ذرائع نے گمنام رہنے کی شرط پر بتایاکہ شریان میں پیچیدگی کے سبب نواز شریف کو انجائنا کی تکلیف ہے ۔نواز شریف کے پی ای ٹی سکین رپورٹ کرسمس کے بعد جاری کی جائیگی۔ دل میں خون کی روانی برقرار رکھنے کیلئے کورونری انٹروینشن کی ضرورت ہے ۔ انٹروینشن کامیاب نہ ہوئی تو ہارٹ بائی پاس کرنا پڑ سکتا ہے ۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے رپورٹ کی تصدیق یا تردید سے انکار کیا،تاہم انکا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتہ نواز شریف کی کورونری ڈیزیز کی تصدیق کرچکے ہیں، اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتے ۔