ڈیرہ اسماعیل خان ( نمائندہ92نیوز) خیبر پختونخوا میں 2لاکھ سے زائد افرادکے صحت سہو لت کارڈ منسوخ کرنے کیلئے عملی کارروائی شروع کردی گئی ہے ، صوبہ بھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں جعل سازی سے امدادوصول کرنے والے 8لاکھ افراد کا وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے کاانکشاف ہوا ہے ، خیبرپختونخوا میں جن 2لاکھ سے زائدافراد کے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ بلاک کئے گئے ہیں ان کے نام وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام سے خارج کرنے کابھی فیصلہ کیا گیاہے جس کے لئے ان کے ناموں کی چھان بین شروع کردی گئی ہے ، وزارت صحت نے جعل سازوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے اور علاج کرنے والے افراد سے رقوم کی واپسی کا فیصلہ کیا ہے ، وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس پروگرام نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا لیکر مذکورہ افراد کو ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت صحت سہو لت کارڈ فراہم کیاتھا۔