لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ) خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کیس کے متاثرین اپنی شکایات کے ازالہ کیلئے ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کے روبرو پیش ہو گئے ۔ اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور کے احکامات کے مطابق سوسائٹی کے مالکان و انتظامیہ بھی موقع پر متاثرین کے سامنے موجود رہے ۔ تفصیلات کے مطابق متاثرین کیجانب سے خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی کے زیرِ التواء اور نا مکمل تعمیراتی کاموں کے علاوہ مالکانہ حقوق کی فراہمی میں تاخیر کی شکایات موصول ہوئیں جن میں سے متعدد شکایات میں موقف اختیار کیا گیا کہ انتظامیہ متاثرین کو انکے حقوق کی فراہمی میں مبینہ طور پر لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ۔متاثرین کو مخاطب کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ خیابانِ امین ہائوسنگ سوسائٹی انتظامیہ کی جانب سے دسمبر2019تک تمام متاثرین کو انکے مکانات، فلیٹس اور پلاٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی جس میں وہ ناکام رہے تاہم انتظامیہ کو آخری موقع فراہم کرتے ہوئے ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ بذاتِ خود روزانہ2گھنٹے سوسائٹی کے سائٹ آفس میں موجود رہیں اور نا صرف متاثرین کے مسائل کو سنیں بلکہ انکا فوری سد باب بھی کریں گے تاہم اس دوران نیب لاہور کا تفتیشی آفیسر بھی انتظامیہ کے ساتھ موقع پر موجود رہے گا۔