لاہور،پشاور(جنرل رپورٹر،صباح نیوز) پنجاب کے 33 اضلاع میں پولیو مہم کا انعقاد ہفتہ 15 اگست سے کیا جائے گا،پنجاب پولیو پروگرام انچارج سندس ارشاد نے کہا کہ مہم میں 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، مہم میں 41 ہزار سے زائد انسداد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،راولپنڈی، گجرانوالہ اور شیخوپورہ کو پولیو مہم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ان ضلعوں میں کیس رسپانس مکمل کیا جا چکا ہے ، محرم کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیو مہم کا آغاز ہفتے کو کیا گیا ہے مہم موخر ہونے کی وجہ سے تین کروڑ بچے انسداد پولیو خوراک سے محروم رہے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے ، والدین سے گزارش ہے اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے اور پولیو قطرے ضرور پلوائیں۔دریں اثناپشاورسمیت صوبے کے 21اضلاع میں کورونا وبا کے بعد پہلی بار بڑے پیمانے پر بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے کے لئے مہم شروع کردی گئی ،مہم کے دوران 5سال سے کم عمر کے 45 لاکھ 62 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔ مہم کے لئے صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے باضابطہ کورونا سے حفاظتی سامان تمام پی پی ایز کی بھی فراہمی کی گئی ہے ۔ایمرجنسی آپریشن سنٹر(ای او سی) خیبرپختونخوا کے مطابق کورونا وائرس وبا ء اور لاک ڈائون کی وجہ سے 19مارچ سے ملک بھر میں انسدادپولیو مہمات کو معطل کیا گیا تھا۔