پشاور/لاہور ( آن لائن ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) خیبر پختونخوا میں بارش اور آندھی سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے ، مختلف واقعات میں 58 افراد زخمی بھی ہوئے ۔ پی ڈی ایم اے نے صوبے میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ۔پی ڈی ایم اے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں اب تک چار افراد جاں بحق اور اکیس زخمی ہوئے ہیں ۔ اکیس مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔ صوابی اور کوہاٹ میں دو دو افراد جان کی بازی ہار گئے ۔ گزشتہ شام طوفانی بارشوں سے مجموعی طور پر 26 مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو بارش سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فنڈز سے فوری امداد کی ہدایت جاری کی ہے ۔ طوفان سے ضلع مہمند می11 ہزار وولٹ کے انیس بجلی کے کھمبے گر گئے ۔ جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ۔ پشاور کے تین بڑے ہسپتالوں میں 42 زخمیوں کو طبی امداد کے لیے لایا گیا ہے ۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 13، کے ٹی ایچ میں 17 اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 12 زخمی منتقل کیے گئے ہیں۔ہسپتال ذرائع کے مطابق بیشتر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق طوفان اور بارش سے چھ گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور تیز آندھی نے بی آر ٹی سٹیشن کی چھت بھی اکھیڑدی ہے ۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 191 فیڈرز پر بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔سرکاری حکام کے مطابق درخت گرنے اور تاریں ٹوٹنے سے بھی فیڈرز شدید متاثر ہوئے ہیں۔دریں اثنائمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج جمعرات کے روز خیبرپختونخوا (مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن)، کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان، ملتان، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد،کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں ،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔