لاہور، کراچی، پشاور (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک ) پشاورسمیت خیبرپختونخواکے کئی علاقوں میں آندھی اوربارش نے تباہی مچا دی، ریسکیوذرائع کے مطابق 4افرادجاں بحق اور 40سے زائد زخمی ہوگئے ،صوابی کے علاقے یارحسین میں آندھی کے باعث مکان کی چھت گرگئی،2بہنیں جاں بحق اور 5بچے زخمی ہوگئے ،جمرودشاہ کس میں دیوارگرنے سے بچہ جاں بحق ہوگیا،مردان میں آندھی اوربارش کے باعث 4افراد زخمی ہوگئے ،پشاورکے علاقت فقیرقلعہ میں دس سالہ بچہ ابراھیم دیوارگرنے سے دم توڑگیا، ڈی آئی خان کے علاقے دین پورہ میں بارش سے گھرکی دیوار گرگئی،ایک شخص دم توڑگیا،بٹ خیلہ میں درخت اورسائن بورڈز اکھڑگئے ،مانکی میں شٹنرنگ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔مہمند میں طوفان اور بارش سے 4 بچے اور ایک خاتون زخمی ہوگئی، کوہاٹ ڈویژن میں دیوار گرنے سے ایک بچی جاں بحق اور کئی جانور ہلاک و زخمی ہوگئے ، دریں اثنا کراچی اور اندورون سندھ کے مختلف اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، سب سے زیادہ درجہ حرارت بے نظیر آباد میں 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، کراچی میں درجہ حرارت 36.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی پنجاب اورسندھ میں شدید گرم رہیگا، لاہور میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 36 سنٹی گریڈ رہا، آج شہر کا موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے ۔ رات کے وقت لاہوراور نواح میں بارش سے موسم خوشگوارہوگیا، گلبرگ،سمن آباد،گلشن راوی،ڈیوس روڈاورمال روڈکے علاقوں میں بارش ہوئی، شرقپورشریف ، بہاولنگر ،چشتیاں،رینالہ خورد ، بھکر اور گردونواح میں بارش ہوئی راولپنڈی میں بونداباندی ہوئی، گوجرانوالہ، سکھیکی، پنڈی بھٹیاں، اوکاڑہ، شیخوپورہ،فیروزوالااورشاہدرہ میں بھی بارش نے جل تھل کردیا۔