پشاور(خبرنگار) اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام نے پاکستان نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ 2017 رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق خیبر پختونخوا تعلیم میں انرولمنٹ کی شرح میں ملک کے دیگر صوبوں سے آگے ہے ،انسانی ترقی کی رینکنگ میں بھی صوبے کے تین اضلاع کے دیگر صوبوں سے آگے ہیں، ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈکس جس میں تعلیم ، صحت اور انسانی رہن سہن شامل ہے ، تعلیم میں انرولمنٹ کی شرح بلوچستان میں سب سے کم جبکہ خیبر پختونخو امیں سب سے زیادہ 112فیصد ہے ، پنجاب میں 107فیصد اور اسلام آباد میں 130فیصد ہے ۔رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 83 فیصد افراد کا معیار زندگی بہتر ہے ، سندھ میں 67.6 فیصد، خیبرپختونخوا میں 67.1 فیصد اور بلوچستان میں صرف 33.9 فیصد افراد کا معیار زندگی بہتر ہے ۔ترقی کے حوالے سے ہیومن انڈیکس ٹیبل پر پنجاب کے 0.732 پوائنٹس، سندھ کے 0.640، خیبر پختونحوا کے 0.628 پوائنٹس اور بلوچستان کے 0.421 پوائنٹس ہیں۔نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ کے مطابق انسانی ترقی کے لحاظ سے پنجاب کے 6 اضلاع یو این ڈی پی کی رینکنگ میں شامل ہیں جب کہ خیبرپختونخوا انسانی ترقی میں خاطر خوا کامیابی حاصل نہ کرسکا اور اس کا کوئی ضلع اس رینکنگ میں شامل نہیں ہے ۔ رپورٹ کے مطابق میڈیم ڈویلپمنٹ ڈسٹرکٹ میں پنجاب کے 19 اور خیبرپختونخوا کے تین اضلاع پشاور، ایبٹ آباد اور ہری پورشامل ہیں ۔پنجاب میں صحت کی تسلی بخش سہولیات کا تناسب 78 فیصد ہے جب کہ خیبرپختونخوا میں صحت کی تسلی بخش سہولتوں کا تناسب 73 فیصد ہے ۔