پشاور(خبرنگار)خیبر پختونخوا حکومت کو اکثریت کھونے کے باعث اسمبلی کا آخری اجلاس طلب کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ۔اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد، سپیکر کے خلاف اکثریت کھونے کی قرارداد اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب حکومت کیلئے درد سر بن گیا۔سینٹ انتخابات میں اپنے ہی اراکین اسمبلی پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگا نے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اسمبلی میں اکثریت کھو بیٹھی ہے ، حکومت نے بجٹ پیش کرنے کیلئے اجلاس 14 مئی کو طلب کیا تھا مگر اپوزیشن کی حمایت نہ ہونے پر تاریخ میں رد و بدل کرکے آج 22 مئی کو اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا مگر اعلامیہ کو بھی واپس لے لیا گیا ہے ، حکومت کے پاس اکثریت نہ ہونے ، اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ، سپیکر کے خلاف اکثریت کھونے کی قرارداد اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب اجلاس ملتوی ہونے کی وجہ بنی، حکومت نے بجٹ پیش کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی حمایت کیلئے ان سے کئی بار رابطے کئے تھے مگر مثبت اشارے نہ ملنے پر اجلاس کو موخر کرنا پڑا۔