پشاور(خبرنگار) کے ٹی ایچ میں وزیر صحت کے گارڈ کے ڈاکٹر پر تشدد کیخلاف ڈاکٹرز کونسل کی کال پر پشاور سمیت صوبہ بھر میں ڈاکٹروں نے احتجاج کیا اور ایمرجنسی کے سواتمام سروسز بند رکھیں ،مختلف شہروں میں ڈاکٹروں نے سڑکوں پر احتجاج کیا اور وزیر صحت ، ڈی ایس پی ٹائون پشاور کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ،گزشتہ روز ڈاکٹرز کونسل کا اجلاس خیبر میڈیکل کالج میں ہوا ،جس میں نجی کلینکس بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پشاور، مردان،ایبٹ آباد،بٹ خیلہ، مالاکنڈاوردیگرشہروں میں ڈاکٹروں نے مظاہرے کئے اور سڑکیں بلاک کردیں ۔ مظاہرین نے وزیر صحت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ خیبر ٹیچنگ ہسپتال انتظامیہ نے پروفیسر محمود اورنگزیب کی سربراہی میں 4رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ، جو دو روز میں رپورٹ جمع کرائے گی۔