پشاور (خبر نگار) خیبرپختونخوا حکومت نے 3 مشیروں اور 2 معاونین خصوصی کو صوبائی وزراء کا درجہ دینے کا اعلامیہ 5 روز بعد واپس لے لیا جبکہ وزیر کا درجہ واپس لینے کا اعلامیہ یکم جون کی تاریخ میں جاری کردیا گیا ہے ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے 3 مشیروں مشیر برائے قبائلی اضلاع اجمل خان وزیر، مشیربرائے ابتدائی وثانوی تعلیم ضیاء اﷲ بنگش اور مشیر برائے انرجی اینڈ پاور حمایت اﷲ خان شامل جبکہ 2 معاونین خصوصی میں عبدالکریم خان اور کامران خان بنگش کو وزیر کے برابر درجہ دینے کا اعلامیہ 27 مئی کو جاری کیا گیا تھا لیکن حکومت نے اس معاملے پر یوٹرن لیتے ہوئے اعلامیہ واپس لے لیا،محکمہ اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق 3 مشیران اجمل وزیر، ضیاء اﷲ بنگش اور حمایت اﷲ جبکہ 2 معاون خصوصی کامران بنگش اور کریم خان کو وزیر کا درجہ دینے کا اعلامیہ واپس لے لیا گیا ہے ۔اس حوالے سے جب معاون خصوصی عبدالکریم خان سے رابطہ ہوا تو ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے اس اعلامیہ کے حوالے سے انہیں معلوم نہیں جب وزیر کا درجہ دیا گیا تھا تو اس وقت بھی انکے علم میں نہیں تھا،ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے تکنیکی ایشو کا بہانہ بنایا گیا ہے تاہم ایسی کوئی رکاوٹ درپیش نہیں تھی۔