پشاور،سوات(نیٹ نیوز،خبرنگار، نمائندہ 92نیوز) خیبرپختونخوا حکومت بالآخر ہڑتالی ڈاکٹروں سے مذاکرات کے لئے تیارہوگئی ہے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ہڑتالی ڈاکٹروں کو21 مئی کو مذاکرات کے لئے طلب کرلیا،اوپی ڈیزکھلوانے کیلئے حکومت نے پولیس کی بھاری نفری ہسپتالوں میں تعینات کردی،حکومت کوسپورٹ کرنے والے ڈاکٹراوپی ڈیز میں موجود رہے ، سکیورٹی حصارمیں مریضوں کامعائنہ کیا گیا ۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا کی جانب سے باضابطہ سرکاری مراسلہ خیبرپختونخوا ڈاکٹرزکونسل کوجاری کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹرز تنظیمیں فوری طورپرعوام کے مفاد میں ہڑتال ختم کریں۔صباح نیوزکے مطابق ڈاکٹروں نے حکومتی وارننگ نظر انداز کر دی اور سرکاری ہسپتالوں میں چوتھے روز بھی او پی ڈیز بندر ہیں، مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ ڈاکٹر ز نے بتایا کہ کامیاب مذاکرات تک ہڑتال جاری رہے گی۔ صوبہ بھر کے بیشتر اضلاع میں ڈاکٹروں کی جانب ایمرجنسی سروس کے علاوہ دیگر سروسزکا بائیکاٹ جاری ہے ،او پی ڈی میں موجود ڈاکٹروں کو مکمل سیکورٹی دی گئی اورپولیس اہلکارتعینات رہے ۔