پشاور(خبرنگار)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیولنک کے ذریعے خیبرپختونخوا کی طبی تنظیموں کے نمائندوں سے اجلاس کیا۔اجلاس میں بلاول کو کورونا و دیگر مسائل کے باعث صوبے کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا۔ بلاول نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کورونا سے متاثرہ ڈاکٹروں کو سہولیات اور اعزازات دینے کی ضرورت ہے ،کورونا سے متاثرہ ہیلتھ سٹاف کوبھی تمام مراعات دی جائیں اور بچوں کو ملازمت میں کوٹہ دیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ ہیلتھ سسٹم کے خالق نوشیروان برکی نے جو ایم ٹی آئی سسٹم رائج کیاتھا مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ،انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروں کو عارضی طور پر رکھنا افسوس ناک ہے ، انہیں فوری مستقل کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈائون وقت اور درست طریقے سے ہوتا تو حالات اور صورتحال اتنی خراب نہ ہوتی۔ وفاقی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ اس بحران کے موقع پر تمام صوبوں کی مدد کرے ۔پشاور کے تمام ہسپتالوں میں کورونا کے مریض رکھے گئے ہیں ،کورونا کیلئے ایک ہسپتال مختص کیا جائے ، چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کی حالات دیگر صوبوں کی نسبت انتہائی خراب ہیں،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کورونا کے خلاف جنگ میں شہید طبی عملے کے لواحقین کے لئے پیکج کا اعلان کرے اور بچوں کو مفت تعلیم اور پلاٹس دے ۔