پشاور( 92نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے کہا ہے صوبہ بھرمیں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا حکومت نے فوری طور پر 1299 میڈیکل آفیسر کی تعیناتی کردی ہے یہ فیصلہ محکمہ صحت میں موجودہ حالات میں ڈاکٹروں کی کمی کے پیش نظر کیا گیا ہے تمام ڈاکٹر اگلے ہفتے سے کام شروع کردیں گے اور کرونا سے نمٹنے کیلئے تمام ڈاکٹر معاون ثابت ہونگے ، انہوں نے کہاکہ کرونا وباء اور اس کی وجہ سے پیدا شدہ صورت حال میں سماجی تنظیموں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر اس عالمی وبا کا مقابلہ کریں گے ۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں سے پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت محمد یحیٰی اخوانزادہ بھی موجود تھے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ تنظیم کرونا وباء کے پیشِ نظر انسانی ہمدردی کے تحت صوبائی حکومت کو مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا سے الخدمت فاؤنڈیشن اور ممبر صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاونڈیشن کا انسانی ہمدردی کی خاطر یہ اہم اقدام ہے جس سے بلاشبہ صوبے کے عوام مستفید ہوں گے اور صوبائی حکومت کو بھی وسائل کے حصول میں مدد ملے گی۔