لاہور،اسلام آباد،فیصل آباد (نمائندہ خصوصی سے ،خبر نگار خصوصی،نامہ نگار،سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،خصو صی رپورٹر ،آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواکے بلدیاتی انتخابات میں عوام نے تحریک انصاف کو مسترد کر دیا ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کی شکست عوام کی کمر توڑ مہنگائی، قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے اور حکمرانی کی تباہی پر غصے کا اظہار ہے ۔ نتائج ایک تجربے کے خاتمے کا آغاز ہے جس کی قیمت قوم کو بھگتنا پڑی ہے ۔ نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ شہبازشریف پارٹی صدر ہیں ، وزیراعظم کے امیداوار کے فیصلے کااختیار نوازشریف کے پاس ہے ،شہباز شریف آتے ہیں تو مجھے خوشی ہوگی ،عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی،مولانا فضل الرحمان کو خیبرپختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، ایک وقت آئے گا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا،عمران خان کے پاس اب بھی موقع ہے ،مستعفی ہوجائیں، جب تحریک انصاف کے ایم این ایز ہی ساتھ نہ دیں تو پارٹی جیت کیسے سکتی ہے ؟ ،پرویز مشر ف کے لئے یہ سزا بڑی ہے ان کوایک آمر کے طور پر یادکیاجاتاہے ، پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کی علامت ہے جسے کوئی لینے والا نہیں رہے گا اور اگر کوئی لے گا تو ان کے لیے میرا مشورہ ہے کہ عوام میں ہیلمٹ پہن کر جائیں، عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے کہ تھوڑی بہت عزت جو رہ گئی ہے اس کے ساتھ عوام کی جان چھوڑ دے ۔ مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے کے عوام نے عمران خان کو معاشی اعشاریے بتا دئیے ہیں۔عمران صاحب آپ نے بھی مان لیا آپ سمیت سلیکٹرزکی سلیکشن اچھی نہیں تھی ۔عمران خان نے ڈیوڈروز کو بلاکر ڈیلی میل کی سٹوری پلانٹ کی تھی ۔ شریف فیملی کے خلاف بے بنیاد کیسز بنائے گئے ، کسی ایک کا بھی ثبوت نہیں دیا گیا۔ کیا یہ کوئی اخلاقیات ہے کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالو اور پھر ثبوت بھی نہ دو، اب آر ٹی ایس اور ای وی ایم کو عمران خان کا سہارا نہیں بننے دیا جائے گا۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ دھاندلی کے باوجود پی ٹی آئی کو خیبرپختونخوا میں شکست ہوئی۔ چیئرمین نیب بتائیں آپ کو کس نے سیاستدانوں کو بدنام کرنے کا اختیار دیا تھا،حکومت چاہتی ہے یہی چیئرمین نیب رہے اور ان کے تابع ہو، ملک میں بجلی ہے اور نہ گیس ، پس عوام رہے ہیں۔ احسن اقبال نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نیٹو کمانڈر ہے جو صرف تقریریں کر سکتا ہے ،ایکشن اور عمل نہیں کرا سکتے ،تین سال میں حکومت نے مخالفین پر جھوٹے مقدمات بنائے ، عوام سے جھوٹے وعدے کئے اور معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔کیپٹن (ر) صفدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کا جو انجام ہوا ، عام انتخابات میں اس سے بدتر ہو گا۔انہوں نے کہا کہ میں تو 30سال سے اپنی شادی کے گانے گا رہا ہوں ۔عمران خان آج کل یہ گا رہے ہیں، دل امید توڑا ہے کسی نے سہارا دے کر چھوڑا ہے کسی نے ۔جنید صفدر پاکستان کا بیٹا ہے کہیں سے بھی الیکشن لڑ سکتا ہے ۔ رانا ثناء اللہ خاں نے اپنے انتخابی حلقے میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا جانا ٹھہر چکا ہے ۔مہنگائی ،کرپشن،حکومت کیلئے آئے دن کا فیشن آف ڈے بن چکا ہے ۔نااہل ،نالائق حکومت سے جتنی جلد عوام کی جان چھڑائی جائے بہتر ہو گا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومتی شکست عوام کی جیت ہے ،جب سے جج صاحبان نے نیب سے ثبوتوں کے بکسے مانگے ہیں نیب کی بیماری ہی ختم نہیں ہورہی۔ حکومتی ترجمانو! ثبوت نکالو ،ثبوت کہاں گئے ۔