پشاور( نیوز رپورٹر)خیبرپختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہوا، اجلاس میں کورونا سے شہید ہونے والے تمام سکیل کے فرنٹ لائن ورکرز کے ورثا کیلئے یکساں بنیادوں پر 70 لاکھ روپے پیکیج کی منظوری دی گئی اور بلدیاتی انتخابات موخر کر دیئے گئے ہیں۔ کابینہ نے خیبرپختونخوا پاور ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ سسٹم کمپنی کے قیام کی بھی منظوری دیدی ۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے بتایا کہ کابینہ نے کورونا صورتحال کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی عام تعطیل میں توسیع ، تمام ریسٹورنٹس اور پبلک ٹرانسپورٹ کی تاحکم ثانی بند ش جبکہ جیلوں میں ملاقاتوں پر تاحکم ثانی پابندی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ دودھ اور دہی کی دکانیں شام 4 بجے کے بعد بھی کھلی رہیں گی ، صارفین کو گوشت کی فراہمی کیلئے مویشی منڈیوں کو کھولنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے ، خیبرپختونخوا ایپڈیمک کنٹرول اینڈ ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس کے تحت خاندان کے سربراہ اپنے زیرکفالت افراد کے وبا سے متاثر ہونے کی اطلاع دینے کے پابند ہونگے ۔نجی تعلیمی ادارے چھ ہزار سے زائد ماہانہ فیس پر 20 فیصد جبکہ چھ ہزار سے کم ماہانہ فیسیوں پر 10 فیصد رعایت دیں گے ۔اجمل وزیرنے مزید بتایا کہ کابینہ نے خیبرپختونخوا فرانزک سائنس ایجنسی بل 2020 کے مسودے اور خیبرپختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں آرڈیننس کے ذریعے بعض ترامیم کی منظوری دے دی ہے ۔