پشاور( خبر نگار)خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت جمعرات کو پشاور میں ہوا، جس میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2019 کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے بعد صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی اور وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ نئے بلدیاتی نظام میں ضلع کونسل اور ضلع ناظم کا عہدہ ختم کرنیکی تجویز ہے جبکہ نیا مقامی حکومتوں کا نظام دیہی اور شہری علاقوں میں تحصیل اورسٹی لوکل گورنمنٹ اور ویلیج و نیبرہوڈ کونسل پر مشتمل دو درجاتی نظام ہوگا، نئے ترمیمی بل کے تحت ناظمین اب چیئرمین کہلائیں گے جبکہ تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں سٹی لوکل گورنمنٹ ہوگی،جس کا سربراہ میئر کہلائے گا، انہوں نے بتایا کہ تحصیل کونسل چیئرمین اور میئر سٹی لوکل گورنمنٹ کے انتخابات براہ راست اورجماعتی بنیاد پر جبکہ ویلیج اور نیبر ہوڈ کونسل کے انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر ہوں گے ۔نئے بلدیاتی ترمیمی بل کے تحت لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن قائم کیا جائے گا ۔