کوئٹہ ،لنڈی کوتل(صباح نیوز،نمائندہ 92نیوز ) افغان حکومت کی درخواست پر پاکستان نے طورخم اور چمن بارڈر افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے کھول دیا، دونوں بارڈر 4 روز تک کھلے رہیں گے ،ملک میں موجود افغان شہریوں کی 9 اپریل تک واپسی جاری رہے گی، ہزاروں کی تعداد میں چمن باڈر پر محصور افغان شہریوں کا افغانستان جانے کا سلسلہ جاری ہے ، باب دوستی چارروز کیلئے یکطرفہ جانے والوں کیلئے کھلارہے گا، اسی طرح افغان ٹریڈ ٹرانزٹ، نیٹو افواج کی سپلائی سمیت تمام ٹرانسپورٹ اور تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔سکیورٹی حکام نے کہا کہ پیدل افغانستان جانے والوں کو بائیومیٹرک سسٹم سے گزارا جارہا ہے ۔سرکاری حکام کے مطابق طورخم سرحد کے ذریعے ایک ہزار افغان مہاجرین افغانستان جائیں گے ۔ طورخم بارڈر پر تعینات پولیس کے جوانوں کو سپیشل کٹس فراہم کر دی گئیں۔ افغان مسافرجمعرات تک پاکستان سے افغانستان جاسکتے ہیں۔