لاہور،اسلام آباد،فیصل آباد ، وزیرآباد ، پشاور (جنرل رپورٹر،اپنے خبر نگار سے ،اپنے رپورٹر سے ،خبر نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر،نامہ نگار،نیوز رپورٹر )ملک بھر میں ڈینگی کے وار مزید تیز ہوگئے ہیں،پنجاب اوراسلام آباد میں24 گھنٹوں کے دوران مزید 348 افرادکے ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو گئی۔گزشتہ روز لاہور سے 4 ،راولپنڈی سے 127، اسلام آباد سے 198 ،، اوکاڑہ، خانیوال، سرگودھا، شیخوپورہ سے ایک ایک ،وزیرآباد سے 3جبکہ اٹک سے 3،گوجرانوالہ، فیصل آباد،جھنگ اورسیالکوٹ سے 2،2 ڈینگی کے نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ رواں برس راولپنڈی میں ڈینگی کیسز کی تعداد 1971 ،اسلام آباد میں 1465 ، لاہور میں53ہوگئی ۔پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد 53 ہوگئی۔ پنجاب بھر میں رواں برس مریضوں کی تعداد 2158 ہوگئی۔ پنجاب میں رواں برس ڈینگی کے باعث رواں برس ہلاکتوں کی تعداد چھ ہوچکی ہے ۔محکمہ صحت پنجاب نے ڈینگی کے تشخیصی ٹیسٹ مفت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق صوبہ بھر کے ڈی ایچ کیو اورٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ڈینگی کے تشخیصی ٹیسٹ مفت کئے جائینگے ۔ضلعی انتظامیہ لاہو ر نے انسداد ڈینگی کی گزشتہ روز کی رپورٹ جاری کردی ۔ ترجمان کے مطابق شہر کے 66398 گھروں کو چیک کیا گیااور15186 مقامات کا وزٹ کیا گیا۔شہر کے 1139 مقامات پر ڈینگی لاروا برآمد ہوا جس کی تلفی کو یقینی بنایا گیااورآئوٹ ڈور مقامات سے ڈینگی لاروا ملنے پر 83 افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج کرایا گیا۔ڈی سی لاہور صالحہ سعید نے کہا کہ ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے افسر فیلڈ میں متحرک ہیں۔ موسم میں تبدیلی کے باوجود ملک میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔تاہم ڈاکٹروں کے مطابق موسم میں مزید تبدیلی سے آئندہ ماہ ڈینگی وائرس میں کمی واقع ہو جائیگی۔ادھرخیبر پختونخوا میں مزید 169افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی جس سے صوبہ بھر میں متاثرین کی تعداد 2ہزار313 ہو گئی ہے ۔پیپلز پارٹی کے رکن احمد کنڈی نے ڈینگی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر خیبر پختونخوا سمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کر ادیا جس میں کہا گیا کہ ڈینگی وائرس انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں خوف وہراس اور بے چینی بڑھ رہی ہے اور لوگوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ڈینگی وائرس کو قابو کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔