جیکب آباد، لاہور( نامہ نگار، کرائم رپورٹر) جیکب آباد میں دیرینہ تنازع پر مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کٹوہر برادری سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھر کے تین معصوم بچوں اور خاتون سمیت 6افراد کو مار ڈالا ، جوابی حملے میں جلبانی برادری کے بھی 2افراد قتل ہو گئے ۔ صوبائی دارالحکومت کے علاقے شاہدرہ میں سنگدل ماں کا گھریلو جھگڑوں پر دو بیٹے قتل کر کے اقدام خودکشی جبکہ بادامی باغ میں شوہر نے بیوی کو ہلاک کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے پنھوں بھٹی تھانہ کی حدود گاؤں کالو خان کٹوہر پر مسلح افراد نے محمد بچل کٹوہر کے گھر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کٹوہر برادری سے تعلق رکھنے والے ایک ہی گھر کے 3معصوم بچوں اور خاتون سمیت 6افرادجاں بحق ہوگئے ، جاں بحق ہونے والوں میں محمد بچل، غلام سرور اور مسمات مورزادی سمیت معصوم بچے 3سالہ سالار، راجہ اور شاہزیب کٹوہر شامل ہیں، حملہ آور فرار ہوگئے ، واقع کے بعد شہداد کوٹ کے گوٹھ نور محمد پرجوابی حملہ کردیاگیا جس کے نتیجے میں جلبانی برادری کے دو افراد محمد بخش جلبانی اور ممتاز جلبانی موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔کٹوہر اور جلبانی برادری میں خونی تصادم کے بعد پولیس نے پورے علاقے کو سیل کردیا ۔ شاہدرہ کے علاقہ کامران پارک گلشن حیات کالونی میں شفیق نامی شخص کی بیوی نجمہ بی بی نے گھریلو جھگڑوں پر اپنے سگے بیٹوں 10 سالہ بلال اور 8 سالہ طلحہ کو گلہ دبا کر مار دیا اس دوران نجمہ بی بی 6 سالہ بیٹی مریم کوبھی گلہ دبا کر قتل کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ دیور نے دیکھ لیا جس پر نجمہ نے خود کو بھی چھری مار کر زخمی کر لیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ملزمہ کے مطابق گھر میں فاقے اور وہ خاوند سے تنگ تھی۔ دریں اثنا بادامی باغ کے علاقے میں سابق شوہر سرور خان نے خالدہ بی بی کو گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگیا ۔