لاہور(نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر) حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ المعروف حضرت داتاگنج بخش ؒ کے 976ویں عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات شروع ہوگئیں جس میں فیض سمیٹنے والوں کا تانتا بند ھ گیا ہے ۔عرس کے حوالے سے آج لاہور میں مقامی تعطیل ہے جبکہ سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے ،پہلے روز دنیا بھر سے ڈیڑھ لاکھ زائرین نے دربار پر حاضری دی اس موقع پر محفل حسن قرات کا انعقاد کیا گیا جبکہ سبیل دودھ کا بھی افتتاح کیا گیا ،صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشیدنے چادرپوشی کی ،چیئر مین ’’92‘‘ نیوز میڈیا گروپ اینڈمدینہ گروپ آف انڈسٹریزمیاں محمد حنیف،چیئر مین امور مذہبیہ کمیٹی داتا دربار نذیراحمد چوہان،گروپ ایڈوائزر’’92‘‘ نیوز اسلم ترین، سید صمصام بخاری،سردار طالب حسین نکئی، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، شیخ کاشف ،حاجی عزیز الرحمن چن، علی اقبال اور دیگر نے بھی رسم چادر پوشی میں شرکت کی اس موقع پرمحمد اجمل چیمہ ،جنرل (ر) محمد افضل جنجوعہ، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذوالقرنین کھچی ،ایگزیکٹو آفیسر داتا دربار بابر سلطان گوندل،خطیب داتا دربارمفتی محمد رمضان سیالوی ، ترجمان اوقاف آصف اعجاز ، طارق محمود جاوید، ہمایوں بٹ، شیخ محمد امین ،حاجی تبریز چشتی ، میاں سعیدو دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر پر نور روحانی محفل کا انعقاد بھی کیا گیا نعت خوان سرور حسین نقشبندی نے نقیب محفل کے فرائض سر انجام دئیے ،تقریب کا آغاز معروف قاری سید صداقت علی نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد معروف نعت خوان حاجی مرغوب احمد ہمدانی ، عبد الرزاق جامی ، اسرار اعظم ، اور حافظ وسیم عباس نے نعت رسول مقبولﷺ پڑھنے کی سعادت حاصل کی جس کے بعد عمر چشتی اور ریاض شاہ گروپ نے مشترکہ طور پر منقبت پڑھی،مزار پر انوار کے اندر قاری رفیع الدین سیالوی نے تلاوت کی جبکہ خطیب داتا دربار مولانا مفتی محمد رمضان سیالوی نے ختم پاک پڑھنے کے علاوہ ملک و ملت کی سر بلندی، ترقی،خوشحالی، اس کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت، مملکت خداد کو فرقہ واریت،بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کی فضاء برقرار رہنے اور مملکت خداد میں حقیقی اور پائیدار بنیادوں پر امن کے قیام کی غرض سے دعا بھی کروائی اس موقع پر مہانوں کی دستاری بندی بھی کی گئی ،غلام گردش اور مزار کے گرد و نواح میں ایگزیکٹو آفیسر داتا دربار بابر سلطان گوندل،منیجرز داتا دربار شیخ محمد جمیل، طاہر مقصود، نعمان سیفی ، محمد شفقت عباس اور دیگر بھی مو جود تھے ۔ زائرین کورسم چادر پوشی کے منظر دکھانے کے لئے محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی جانب سے ایک سے زائد مقامات پربڑی سکرینیں نصب کی گئیں تھیں۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام بعد نماز جمعہ سے عصر اور نماز عصر سے مغرب تک محفل قرات کی دو نشستیں ہوئیں30قرآء نے تلاوت قرآن مجید کی سعادت حاصل کی، پہلی نشست کی صدارت سپیشل اسسٹنٹ برائے وزیر اعلی سید رفاقت علی گیلانی نے کی ، قاری محمد رفیق نقشبندی، قاری محمد علی قادری ، قاری محمد مظفر، قاری نور احمد چشتی، قاری محمد ذیشان حنیف، قاری محمد عرفان سیالوی، قاری ذوالفقار نعیمی ، قاری فقیر احمد چشتی نے اپنی تلاوت سے سماع باندھ دیا،قومی محفل حسن قرآت کی دوسری نشست نماز عصر سے نماز مغرب کے درمیان منعقد ہوئی جس میں طالب حسین نکئی، پیر سید ناظم حسین شاہ اوردیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی قاری سیف اﷲ قادری ، قاری محمدا ٓصف حبیب نعیمی، قاری کرامت علی نعیمی ، قاری عبد الغفار نقشبندی ، قاری غلام مصطفی نعیمی ، قاری محمد عمر سعیدی ، قاری واصل محمود عباسی ،قاری محمد مشتاق انور، قاری محمد خادم بلال ، قاری محبوب احمد، قاری حبیب اﷲ چشتی، قاری محمد حسنین رضا اشرفی نے تلاوت کلام پاک سنانے کا شرف حاصل کیا۔سکیورٹی خدشات کے پیش نظر داتا دربار کے مخصوص حصوں کو تقریبا5گھنٹے سے زائد دیر تک کے لئے عوام الناس کے لئے بند رکھا گیا، جبکہ تقریب کے آغاز سے لے کر اختتام تک ا یگزیکٹو آفیسرداتا دربار بابرسلطان گوندل اور چاروں منیجرز داتا دربار متحرک رہے ۔دریں اثنا سپیشل رپورٹر کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان کی ہدایت پر عرس داتا علی ہجویری ؒکی تقریبات کے آغاز اور جمعتہ المبارک کے موقع پرسکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تمام ایس پیز،ڈی ایس پیزاور ایس ایچ اوزکو اپنے علاقوں میں مساجد اور عبادت گاہوں سمیت تمام اہم تنصیبات اور حساس مقامات کے حفاظتی انتظامات کی نگرانی خود کرنے کی ہدایت کی گئی۔