لاہور(قاضی ندیم اقبال) 130دن گزر گئے ۔ داتا دربار کمپلیکس میں کام کرنے والے 138 عملہ صفائی اور نجی سیکورٹی کمپنی کے 74 گارڈز کو چار ماہ سے تنخواہ نہ مل سکی۔سینکڑوں ورکرز فاقوں کے باوجود ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ ذرائع کے مطابق مزا ر ، اس سے ملحقہ مسجد اور ماڈل مدرسہ ہجویریہ کی صفائی کے لئے نجی کمپنی سے 138 ورکرز جبکہ نجی سیکورٹی کمپنی سے 74سیکورٹی گارڈ تعینات ہیں۔ آخری بارداتا دربار پر تعینات عملہ صفائی اور نجی سیکورٹی کمپنی کے گارڈز کو فروری2020 میں ماہانہ ادائیگی کی گئی تھی۔ مجموعی طور پر 212 ورکرز(138عملہ صفائی اور 74 سیکورٹی گارڈز) کو مارچ سے جون2020 تک کی ادائیگی ہونا باقی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ قواعد کے مطابق محکمہ اوقاف سے تین ما ہ تک ادائیگی نہ ہونے کے باوجود صفائی اور نجی سیکورٹی کمپنی کے مابین معاہدہ کے مطابق کمپنیاں اپنے سٹاف کو تنخواہ ادا کرنے کی پابند ہیں، ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ، فنانس ڈائریکٹوریٹ سمیت کسی بھی ذمہ دار کے سر پر جوں تک نہیں رینگی اور سینکڑوں ورکرز بغیر تنخواہ کے کام کرنے پر مجبور ہیں۔