لاہور(قاضی ندیم اقبال)داتا دربار کمپلیکس میں معتکف ہونے والوں کو وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنا ہو گی جبکہ انہیں محکمہ کی جانب سے سحر اور افطار کے علاوہ میڈیکل کی مفت سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔اس امر کا اظہار ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ، خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذوالقرنین کھچی نے روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو میں کیا۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہ ایک مومن رمضان کے آخری عشرہ میں دنیاوی امور اور معاملات سے قطع تعلق کر کے خالصتاً خدا تعالیٰ کے ذکر واذکار میں اپنا وقت صرف کرنے کے لئے اس کے گھر یعنی مسجد میں ڈیرہ ڈال دیتا ہے ۔روزہ کی طرح یہ عبادت بھی ایسی ہے جس کا مذاہبِ سابقہ میں بھی ذکر ملتا ہے ۔اعتکاف کرنے والے کی مثال احرام باندھنے والے کی سی ہے ۔ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذوالقرنین کھچی نے ’’92‘‘ نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ داتا دربار کمپلیکس میں سجایا جانے والا شہر اعتکاف4سیکٹرز پر مشتمل ہے ۔ جن کو باب غوثیہ ؒ، باب فریدیہ ؒ، باب باہوؒ، اور باب احمد رضا ؒ کے نام دئیے گئے ہیں۔