لاہور(قاضی ندیم اقبال)زائرین کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ، صوبائی حکومت نے محکمہ اوقاف کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے داتا دربار کمپلیکس کے گردونواح میں 2کلو میٹر کی حدود میں قائم ہوٹلز کی روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کرنے اور تقسیم ہونے والے لنگر کی کوالٹی چیکنگ کے احکامات جاری کر دئیے ۔ہوٹلز کی سکریننگ کی ذمہ داری سپیشل برانچ ، جبکہ لنگر کی چیکنگ کی ذمہ داری پنجاب فوڈ اتھارٹی پر عائد ہو گی ۔مصدقہ ذرائع کے مطابق حضرت سید علی بن عثمان الہجویری ؒ کے 18اکتوبر سے 20اکتوبر2019اتوارکی رات گئے تک جاری رہنے والے 976ویں سالانہ عرس میں شرکت کے لئے آنے والے زائرین کے جان و مال کے تحفظ کی بابت محکمہ اوقاف پنجاب کی رپورٹ صوبائی حکومت کو موصول ہو گئی جس کے پیش نظر محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے سپیشل برانچ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایم اے او کالج سے داتا دربار کمپلیکس، اور وہاں سے مینار پاکستان تک کے علاقوں میں قائم ہوٹلز میں روزانہ کی بنیاد پر سکریننگ کی جائے جبکہ پنجاب فوڈاتھارٹی حکام کو ہدایت کی ہے کہ داتا دربار کمپلیکس کے اندر موجود لنگر خانے ، کمپلیکس کے تہہ خانہ و گرد و نواح میں پکائے جانے والے لنگر کی خصوصی طور پر چیکنگ کی جائے ۔ تاکہ کسی بھی حوالے سے مضر صحت چیز زائرین کو تقسیم نہ ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق دوسری جانب محکمہ اوقاف پنجاب کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سالانہ عرس تقریبات کے موقع پر 102کلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کے لئے نصب کئے گئے ہیں جبکہ کمپلیکس کے گر دو نواح کے معاملات کی موثر نگرانی کے لئے مزید 40 کیمرے کرایہ پر حاصل کر کے آئندہ چند گھنٹوں میں نصب کر دئیے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں جدید کنٹرول روم بھی فنکشنل ہے ۔