لاہور ( رانا محمد عظیم) ساہیوال میں پیش آنیوالا واقعہ دہشت گردوں کے خلاف اہم ترین جنگ لڑنے اور دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے والے اہم ترین اداروں اور سی ٹی ڈی کے ذمہ داران کیلئے بھی ایک چیلنج بن گیا ۔ ذرائع کے مطابق اہم ترین ثبوت جو کہ اس آپریشن کے حوالے سے اہم ترین اداروں کے پاس موجود ہیں ان ثبوتوں کو حکمت عملی کے تحت وہ اوپن نہیں کرنا چاہ رہے تھے کیونکہ ان شواہد کو سامنے لانے سے ایک بڑا نیٹ ورک جس کے اہم افراد فیصل آباد آپریشن میں ہلاک ہوئے اور اسی طرح دیگر علاقوں سے پکڑے گئے ،ان شواہد کے سامنے آنے سے نیٹ ورک کے دیگر اراکین فائدہ اٹھا کر روپوش ہو سکتے ہیں۔ با وثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ جس گاڑی میں یہ وقوعہ ہوا ہے وہ گاڑی ایسے افراد کے زیر استعمال رہی ہے جو کہ انتہائی مطلوب تھے ۔ اس واقعہ کے حوالے سے سخت ترین رد عمل اور مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے تنقید کے بعد سی ٹی ڈی اور دیگر اداروں نے اس حوالے سے بنائی گئی جے آئی ٹی میں اہم ترین ثبوت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور کوشش کی جائے گی کہ وہ ثبوت اوپن نہ ہوں ۔ اس ضمن میں اہم ترین حکومتی ذمہ داران کو بہت سے شواہد کے حوالے سے بریف بھی کر دیا گیا ہے مگر انصاف کے تقاضوں کے مطابق اور اداروں کی غیر جانبداری اور مثبت آپریشن کے حوالے سے اس جے آئی ٹی میں سی ٹی ڈی کے اہم ترین ذمہ داران پیش ہو کر یہ ثابت کریں گے کہ جو ان کا موقف ہے درست ہے ۔