اسلام آباد(92 نیوز رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ داسو ڈیم واقعے کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں،وزارت خارجہ اس پر بیان جاری کرے گی۔ سی پیک میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پوری قوم سی پیک کے ساتھ کھڑی ہے ، شیخ رشید کا کہناتھا کہ نواز شریف کے پاس دو آپشن ہیں اپیل کریں یا سیاسی پناہ لیں، لیڈر وہی ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے ، نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے ۔وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لیڈر وہی ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے ، ملک کی جیلیں بھی سیاستدان کیلئے ہی ہیں، ہم جھوٹے کیسز میں 7،7 سال قید ہوئے ، ایک صاحب نے اعلان کیا کہ شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا تو قیامت آجائے گی، بھٹو کو پھانسی ہوئی تو کیا ہوا، یہ لوگ بھٹو سے بڑے لیڈر نہیں ہیں، نواز شریف کو ملک واپس آنا چاہیے ،اقتدار میں ہوں تو آپ بڑھکیں مارتے ہیں، نہ ہوں تو ملک سے باہر بھاگنا چاہتے ہیں، نواز شریف کا پاسپورٹ 16فروری کو منسوخ ہو چکا ہے ، انکے پاس سیاسی پناہ کا آپشن ہے لیکن وہ نہیں لیں گے ، شہباز شریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے درخواست نہیں دی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات متحد ہونے کا مطالبہ کرتے ہیں، خطے میں کیا ہونے والا ہے اپوزیشن صورتحال کو سمجھ نہیں رہی،بھارت، اسرائیل اور افغانستان مل کر ہمارے خلاف کھیلنا چاہتے ہیں اور پاکستان مخالف سازشیں کر رہے ہیں، قوم اپنے عقیدے کو نہ چھوڑے اور کسی کے عقیدے کو نہ چھیڑے ، قانون کی خلاف ورزی پر قانون کا اطلاق ہوگا،عمران خان کا طرز سیاست بہتر ہے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے طرز سیاست کا نہیں پتا۔وزیرداخلہ نے کہا کہ چینی سفیر سے ہفتہ میں 2 بار تفصیلی ملاقاتیں ہوچکی ہیں، ملک میں دہشتگردی کے واقعات میں بھارت اور اسرائیل ملوث ہیں،افغان سفیرکی بیٹی کے معاملے پر جو ریکارڈ تھے وہ افغان وفد کے حوالے کردیئے ، افغان سفیر کی بیٹی پر بھی دفتر خارجہ ہی بات کریگا ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سائینو ویک کو اسلامی ممالک میں قبول نہیں کیا جارہا ، ایسا سرٹیفکیٹ بنائیں گے جس میں کوئی شخص دوسری ویکسین لگا سکتا ہے ۔وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہورہا ، وزارت داخلہ کواسلحہ لائسنس جاری کرنے کی اجازت مل گئی ہے لیکن اسلحہ لائسنس اجرا کے قواعد و ضوابط بھی ہیں ۔شیخ رشید نے کہا کہ کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے لہذا یوم آزادی کا جلسہ منسوخ کر رہا ہوں ، لال حویلی میں جلسہ اور آتش بازی نہیں ہو گی۔ لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر تجزیہ کار اور گروپ ایڈیٹر روزنامہ 92 نیوز ارشاد احمد عارف نے کہا ہے کہ داسو واقعہ کی تحقیقات میں ثابت ہوگیا کہ اس میں ٹی ٹی پی ملوث تھی، اس میں ایسٹ ترکستان موومنٹ کا کوئی ہاتھ نہیں تھا، ٹی ٹی پی کے پیچھے این ڈی ایس اوربھارتی خفیہ ایجنسی را ہے ، اس واقعہ میں ملوث ملزم گرفتار ہوچکے ہیں،شاید ایک دو روز میں اعلان بھی ہو جائے ۔92 نیوز کے پروگرام ہو کیا رہا ہے میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اسکے حوالے سے امریکہ اور پوری دنیا کو بتا رہے ہیں کہ شرارتیں بھارت کررہا اور افغانستان کے امن وامان کو تباہ کررہا ہے ۔میری اطلاع کے مطابق پاکستان اور بعض دوسرے دوستوں نے افغان طالبان کو باور کرا دیا کہ ٹی ٹی پی کو فنڈنگ بھارت کررہا ہے ، اس کو نہیں روکیں گے تو یہ دشمنی پر مبنی اقدام ہو گا، افغان طالبان نے ٹی ٹی پی کو کہاہے کہ اگر انہوں نے پاکستان میں امن وامان کو تباہ کیا یا کوئی مداخلت کی تو ہم سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، ٹی ٹی پی نے جب زور پکڑا افغانستان میں حکومت کرزئی کی تھی یا اشرف غنی کی، امریکہ اور نیٹو افواج وہاں موجود تھیں۔