شکرگڑھ،لاہور (تحصیل رپورٹر،نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) سابق وفاقی وزیر،لیگی رہنمادانیال عزیز کے والد اور بزرگ سیاستدان انور عزیز چودھری لاہور کے ہسپتال میں انتقال کر گئے ، مرحوم کی عمر 89 سال تھی اور وہ ایم این اے مہناز اکبر عزیز کے سسر تھے ،مرحوم کی نماز جنازہ اور تدفین شکرگڑھ میں ہوگی، ان کی نماز جنازہ آج دو بجے بدوال سکول شکرگڑھ کے گرائونڈ میں ادا کی جائے گی۔ گذشتہ روز ان کو دل کی تکلیف کے سبب ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ وفات پا گئے ۔ انور عزیز چوہدری 1931 کو پیدا ہوئے ، انہوں نے امریکہ سے قانون کی تعلیم حاصل کی اورتحریک پاکستان میں حصہ لیا۔ انہوں نے 1948 کے سمر اولمپکس میں سوئمنگ میں پاکستان کی نمائندگی کی، 1963 میں سیاست کے میدان میں قدم رکھا اورشکرگڑھ سے رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے ۔مرحوم ذوالفقار علی بھٹو اور محمد خان جونیجو کی حکومتوں میں وزیراور پنجاب کے وزیر داخلہ بھی رہے ،سیاست کے میدان میں جیل کی صعوبتیں بھی برداشت کیں،ان کو کتابوں ،پنجابی شاعری،لٹریچر اور سیاست سے عشق تھا جبکہ سیاسی، صحافتی اور ادبی حلقوں میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فوادچودھری نے انورعزیز چودھری کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہامرحوم پاکستان کی سیاسی تاریخ کا اہم کردار رہے ،ان سے طویل ملاقاتیں رہیں،انور عزیز سے 1970،1980 کی پاکستان کی سیاسی تاریخ کی کئی کہانیاں سنیں۔