اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،این این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اقتدار میں آئے گی تو عوام کو روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار ملے گا،ملک میں دائیں بازو کی جماعتوں کی پالیسیاں ناکام ہوچکیں، پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ صرف پیپلزپارٹی ہمیشہ اپنی معاشی پالیسیاں عام آدمی کے ماہانہ بجٹ کو سامنے رکھ کر بناتی ہے ، دائیں بازو کی جماعتوں کی معاشی پالیسیاں صرف امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، روٹی، کپڑا، مکان اور روزگار کے وعدے کو پیپلزپارٹی نے اپنے ہر دور میں نبھایا ہے ، جب پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت تھی تو پانچ افراد کے عام گھرانے کی مہینے میں آٹے کی ضروریات ایک ہزار 975 روپوں میں پوری ہوجاتی تھیں جبکہ عمران خان کی حکومت میں پانچ افراد کے عام گھرانے کی آٹے کی ماہانہ ضروریات ساڑھے تین ہزار روپوں میں پوری ہورہی ہیں،پی پی پی دورِ حکومت میں ایک عام گھرانا اپنے بچوں کے کپڑے 600 روپوں میں خرید لیتا تھا اور آج وہ اس مد میں تین ہزار 600 روپے خرچ کررہا ہے ، پی پی پی دورِ حکومت میں پانچ افراد کا عام کنبہ گھر کے کرائے کی مد میں اوسطاً ساڑھے تین ہزار روپے ادا کرتا تھا اور آج 22 ہزار روپے ادا کررہا ہے ، اگر عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے پی پی دور میں مہنگائی میں اضافہ ہوا تو اسی اعتبار سے ہم نے 59 فیصد تک عام آدمی کی آمدنی میں بھی اضافہ کیا۔