لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے دیہات میں پلے گراؤنڈز بنارہی ہے ۔رواں برس دیہات کی سطح پر 500پلے گراؤنڈز تیار ہوجائیں گی۔ان گراؤنڈز میں کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی سربراہی میں ملنے والے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ملاقات میں صوبے میں نچلی سطح پر کرکٹ کے فروغ اور گراؤنڈزکی تعداد بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات کااتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں کرکٹ کے 2نئے ہائی پرفارمنس سنٹرز بنائے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر کھیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی،کمیٹی پی سی بی کے ساتھ ملکرسکولوں اورکالجوں کی سطح پر کرکٹ کے فروغ اورگراؤنڈز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے گی۔بعدازاں عثمان بزدار نے وزیر اعلی آفس کا اچانک دورہ کیااورافسروں اور سٹاف کی حاضری چیک کی۔انہوں نے کانفرنس روم کا بھی دورہ کیا اورکانفرنس میں سٹاف میٹنگ کے شرکا سے ایجنڈے پر بات چیت کی۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری امپلی منٹیشن، ایڈیشنل سیکرٹری کمیونیکیشن اور دیگر افسرو ں کے دفاتر کو چیک کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے دفتری اوقات کی پابندی اورنظم وضبط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صد ارت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کا 9واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں لاہور کیلئے واٹر میٹرزکی خریداری،تنصیب اورآپریشن اینڈ مینٹیننس پراجیکٹ کیلئے ٹیکنیکل اورفنانشل بڈز کاجائزہ لیاگیا۔اجلاس میں لاہور کیلئے واٹر میٹرزکی خریداری،تنصیب اورآپریشن اینڈ مینٹیننس پراجیکٹ کیلئے ٹیکنیکل اورفنانشل بڈزکی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں صوبائی وزرا ہاشم جواں بخت،اسد کھوکھر،اراکین پنجاب اسمبلی میاں شفیع محمد،خدیجہ عمر،چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری ہاؤسنگ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سابق صدر سیالکوٹ چیمبر اینڈ کامرس انڈسٹری،چیف ایگزیکٹو آفیسرپنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اتھارٹی اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔بعدازاں انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسر ا ٹیسٹ میچ جیتنے اور سیریز کلین سویپ کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ۔