صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کشمیر یکجہتی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چین، ترکی اور ایران کی کھل کر پاکستانی موقف کی تائید کرنے کی تحسین کرتے ہوئے اقوام عالم کو متنبہ کیا ہے کہ سرکی نگر میں لگی آگ سے ہندوستان تباہ ہو جائے گا۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ 48 روز سے کشمیری کرفیو کے باعث غذائی قلت اور ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی کے عذاب کا سامنا کر رہے ہیں۔تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق جب کشمیری کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر احتجاج کے لئے جمع ہوتے ہیںتو بھارتی فوج نہتے بزرگوں اور خواتین یہاں تک کہ بچوں پر پیلٹ گنوں کا سفاکانہ استعمال کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کے ادارے بشمول اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کشمیر میں انسانی المیہ کے جنم لینے کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں مگر سلامتی کونسل کی سپر طاقتیں اپنے مفادات کے باعث کشمیر میں لگی آگ سے صرف نظر کرتی آ رہی ہیں۔ یہاں تک کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے بار بار تشویش کے اظہار کے باوجود عالمی قوتیں ٹس سے مس نہیں ہو رہیں۔ اس تناظر میں دیکھا جائے تو جہاںصدر آزاد کشمیر کا یہ کہنا مبنی بر انصاف ہے کہ سری نگر کی آگ پورے ہندوستان کو راکھ کا ڈھیر بنا دے گی اور یہ کہ عالمی امن کے لئے بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، بہتر ہو گا عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنا کر خطہ کو تباہی سے بچانے میں اپنا کردار ادار کرے۔