شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکورٹی فورسز نے آپریشن کر کے بھتہ خوری‘ اغوا برائے تاوان ‘سکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور بارودی سرنگ حملوںمیں ملوثچار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔تین روز قبل دیر میںدہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد سکیورٹی فورسز کی یہ دوسری بڑی کامیابی ہے۔ ہماری سکیورٹی فو رسزجس طرح قر بانیاں دے کر دہشت گردوں اور ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں یقینا قابل قدر ہیں‘جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جائیں گی اوروہ دن دور نہیں جب ان علاقوں سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا ۔بزدل دشمن اپنے بہی خواہوں‘ دہشت گردوں او ایجنٹوں کے ذریعے پاک سرزمین کو نقصان پہنچانے کے در پے ہے لیکن ہماری بہادر مسلح افواج ہمہ وقت اپنی سرحدوں پر چوکس کھڑی ہیں۔زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل غزنوی کا تجربہ بھی وطن عزیزکے دفاع کو مضبوط بنانے اور اس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی کڑی ہے۔ یہ تجربہ ہماری افواج کی اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت اور صلاحیتوں کا اظہار ہے جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ ا س سے نہ صرف ہماری دفاعی قوت میں اضافہ ہو گا بلکہ اس سے علاقے میں طاقت کا توازن بھی قائم ہو گا۔ غزنوی کا تجربہ ہمارے اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع سے غافل نہیں اور دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے ہر دم تیار ہے۔