بہاول پور( نامہ نگار )لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد شمیم خان نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ جوڈیشری ملکی نظام عدل کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ مقدمہ کی ابتدا اور اس پر زیادہ محنت ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں ہی ہوتی ہے ۔اپنے اعزاز میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری بہاولپور کے الوداعی عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ عدالتی نظام میں مستعدی اور تیزی لانے کے لیے ماڈل ، سول ، اوورسیز کورٹس کے قیام میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری نے بہت محنت کی ، جج میرٹ کے مطابق فیصلے کرتا ہے تو آخرت میں جنت بھی یقینی ہے ، انہوں نے کہا ایک دن کے مقدمات کے درست فیصلے 60سال کی نفلی عبادت سے افضل ہیں، ججز میرٹ پر فیصلے کریں اور صرف اللہ سے ڈریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں 17ایڈیشنل سیشن ججز کو بطور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ترقی دی جائے گی۔ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ لاہور عبدالستار نے کہا چیف جسٹس محمد شمیم خان نے روایتی عدالتی طریقہ کار میں بہتری اور تیزی لانے کے لیے اقدامات کئے اور مقدمات نمٹانے کے لیے مصالحتی عدالتوں کی کارکردگی بہتر بنائی۔