لاہور(کامرس رپورٹر) کمشنر انکم ٹیکس عاصم مجید خان نے کہا کہ دستاویزی معیشت کو فروغ دینا ناگزیر ہے ، اس سلسلے میں تاجر برادری کا تعاون بہت اہم ہے ، لاہور چیمبر کے پلیٹ فارم پر تاجروں سے بات چیت کو تیار ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر ، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور بشیر اے بخش، میاں مظفر علی، سابق سینئر نائب صدر میاں طارق مصباح، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی آصف سحر، ملک محمد خالد، یاسر خورشید، واصف یوسف، شیخ سجاد افضل اور حارث عتیق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ کمشنر نے کہا کہ ٹیکس مشینر اور تاجر برادری کے درمیان اعتماد سازی بہت ضروری ہے ، ہر ایک کو ٹیکس ادائیگی کے ذریعے اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بینک اکائونٹس تک رسائی اور آڈٹ کے حوالے سے اچھے اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر سے اتفاق کیا کہ ریفنڈز کی ادائیگی جلد از جلد ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹ ٹیکسز میں اضافہ ٹیکسوں کی شرح سنگل ڈیجٹ تک لاسکتا ہے ۔