لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریڈ گراؤنڈاسلام آباد میں پاکستان ڈے پریڈ میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے تقریب میں وزراء ، اراکین اسمبلی اور غیر ملکی مہمانوں سے ملاقاتیں کیں اورانہیں یوم پاکستان کے حوالے سے مبارکباد پیش کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پنجاب ہاؤس میں تحریک انصاف کے کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ یوم پاکستان کی تقریب کو شاندار ، قومی جذبوں کا ترجمان قرار دیااور کہاکہ ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لئے امن و استحکام ضروری امر ہے اور ملکی سا لمیت کیلئے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ،قوم کو پاک افواج کی صلاحیتوں ، قربانیوں پر فخر ہے ، انہوں نے کہاکہ پاک افواج کے دستوں کی پریڈ،ٹینکوں اور دیگر حربی آلات کی نمائش کا روح پرور منظر دشمن پر ہیبت طاری کرتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے وزیراعظم مہاتیر محمد اور دیگر برادر ممالک کے مہمانوں کے وفود کی آمد کا خیرمقدم کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قائد اعظمؒ کے سیاسی فلسفے کو اپنی جدوجہد کا حصہ بنا کر کاوشیں کرنا ہونگی اور ایک مضبوط پاکستان کے عزم کی تجدید بھی کرنا ہوگی ۔وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں پیش آنے والے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ،وزیراعلیٰ نے ٹیچرسمیت بچوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قانونی کا رروائی کی جائے ۔وزیراعلیٰ نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 20 سالہ لڑکی کی لاش ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی ۔