مکرمی !پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا لہٰذا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دنیا بھر کو مجموعی طور پر پاکستان کا شکر ممنون ہونا چاہیے کیونکہ اس امر میں کسی کو ذرا سا شبہ بھی نہیں کہ پاکستان کی حکومت اور عوام نے عالمی دہشتگردی کے خاتمے میں جو کردار ادا کیا ہے ، اس کا عشر عشیر بھی کسی دوسرے نے نہیں کیا۔ بھارت نے ایک جانب نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کا مکروہ سلسلہ شروع کر رکھا ہے اورسیکڑوںکشمیریوں سے زندہ رہنے کا بنیادی انسانی حق چھینا جا رہا ہے ۔ دوسری طرف مختلف سانحات میں ہزاروں بے گناہ انسان ’’را ‘‘ اور ’’ این ڈی ایس ‘‘ کی بربریت کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ۔ ایسے میں عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ کا فرض ہے کہ دہلی اور افغانستان کی شہ پر ہونیوالی مکروہ روش اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرائے ۔ امید کی جانی چاہیے کہ متعلقہ حلقے ملک کو داخلی اور خارجی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے توجہ دیں گے ۔ (حماد اصغر علی)