کراچی(سٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی،عوام دشمن بجٹ اورموجودہ سیاسی صورتحال پرجلد اے پی سی بلائی جائیگی۔عمران خان کے غلط فیصلوں سے آج ملک میں کورونا بے قابوہوچکا،حیرت کی بات ہے کہ اتنی زیادہ اموات ہونے کے بعد بھی وہ لاک ڈاؤن نہ کرنیکی ضد پراڑے ہیں،ٹِڈی دل سے ملک میں قحط پڑا تو اسکے ذمہ دارعمران خان ہوں گے ،انکو شاید اندازہ ہی نہیں کہ اس وقت ملک کا انتہائی سنگین بحران ٹڈی دل حملے ہیں۔ جمعرات کوپارٹی رہنماؤں نیئربخاری،فرحت اللہ بابر،شیری رحمان،راجہ پرویزاشرف، رضا ربانی،نوید قمر،مولابخش چانڈیواورنفیسہ شاہ سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی وارننگ کوبھی عمران خان نے نظراندازکردیا،اپوزیشن بری لگتی ہے توعمران خان لاک ڈاؤن کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او یا ڈاکٹروں کی رائے سن لیں۔بجٹ میں صحت اورزراعت کونظراندازکرکے ملک کو خطرناک حالات کے حوالے کردیا گیا۔وزیراعظم کے بعض بیانات سے اندازہ ہوا کہ انہیں علم ہی نہیں کہ این ایف سی ایوارڈ کیا ہے ۔ملک کا انتظامی سربراہ صوبوں میں وسائل کی تقسیم کی اہمیت تک سے لاعلم ہے تو ملک کیسے چلے گا؟انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے آئینی اختیارات کو وزیراعظم کی جانب سے ڈکٹیٹرکے اختیارات کے برابرقراردینا افسوسناک ہے ،انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو پارلیمان اورعوام میں حکومتی نااہلیوں کو سامنے لانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو سے صوبائی وزیرریونیو مخدوم محبوب الزماں نے ملاقات کی،دریں اثنا بلاول بھٹو نے ترقی پسند مصنف فرخ سہیل گوئندی کے والد کے انتقال پر اظہارافسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اورگوئندی فیملی کیلئے صبرکی دعا کی۔