لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ٹڈی دل کا حملہ ملک کیلئے فوڈ سکیورٹی کے چیلنجز پیدا کرسکتا ہے لہذا اس کے تدارک کے لیے کوششیں مزید تیز کرنا ہونگی۔ ایک وفد سے گفتگو میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ اگرچہ حکومت اور دیگر ادارے ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں مگر انہیں مزید تیز کرنا ہوگا تاکہ زرعی شعبہ کو مزید بھاری نقصان سے بچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ کسان برادری ٹڈی دل کے بدترین حملے کی وجہ سے شدید پریشان ہے ، بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ و برباد ہورہی ہیں ، ایک زرعی ملک ہونے کی حیثیت سے پاکستان بھاری بھرکم نقصانات برداشت کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔