اسلام آباد ( وقائع نگار) چیئر مین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے خبر دار کیا ہے کہ ملک بھر میں پھیلتے ہوئے ٹڈی دل کے جُھنڈ غذائی تحفظ کیلئے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں اور اگلے چند ہفتوں میں اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے تمام کوششوں کو بروے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ ملک بھر میں ٹڈی دل کی موجودہ صورتحال کیلئے ہونے والے ایک رابطہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ٹڈی دل کی افزائش نسل کا موسم اگلے چند ہفتوں میں شروع ہونے والا ہے اور اس سے پہلے ان کو ختم کرنے کیلئے تمام ہنگامی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ابتدائی انتباہی نظام کے لیے ایک جامع طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں ٹڈی دل کی نقل و حرکت اور اس کے پھیلائو کے بارے میں معلومات ہوئے بغیر اس کا خاتمہ کرنا بہت مشکل کام ہو سکتا ہے ۔ چیئر مین این ڈی ایم اے نے اقوام متحدہ کے فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن سے درخواست کی کہ وہ ٹڈی دل کی آبادی کا سراغ لگانے والے آلات مہیا کرے ۔ پی ڈی ایم اے پنجاب سندھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے ڈایکٹر جنرلز نے اجلا س کو اپنے اپنے صوبوں میں ٹڈی دل کے پھیلائو کی تازہ ترین صورتحال اور اُس کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ فیصل آباد ایگریکلچر یونیورسٹی،یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان، پنچاب یونیورسٹی، ایف اے او اور مختلف زرعی یونیورسٹیوں کے ماہرین نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔