اسلام آباد(ملک سعیداعوان)وفاقی حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے پاک فوج سے مدد مانگ لی ہے ۔ٹڈی دل کی تباہ کاریاں 3 لاکھ مربع کلومیٹر پر پھیل گئی ہیں، بارشوں کی وجہ سے ٹڈی دل کے خاتمے میں مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ وزارت تحفظ خوراک کے ذرائع نے بتایا کہ ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے وزارت میں اہم اجلاس ہو رہے ہیں۔ ٹڈی دل بھارت جا کر واپس آیا ۔ صوبوں کو ٹڈی دل سے نقصان کے تخمینے کیلئے 3خط لکھے گئے مگر جواب نہیں دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ٹڈی دل کے خلاف اقدامات کیلئے وزیراعظم کی سربراہی میں شراکتداروں کا اجلاس کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس میں وزیراعظم کو ٹڈی دل کے حملے سے متعلق بریفنگ دی جائیگی ،اجلاس میں صوبوں کے نمائندوں کو بھی بلایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ وزارت تحفظ خوراک کی جانب سے ٹڈی دل سے بچائو کیلئے 80کروڑ روپے کے فنڈز مانگے گئے تھے جس پرحکومت نے 45کروڑ 90لاکھ روپے دینے کی یقین دہانی کرائی اور ابھی 10کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ میں لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم پلان دیا جائیگا۔لانگ ٹرم پلان میں سپرے کیلئے 8طیاروں کی خریداری کی تجویز دی جائیگی کیونکہ اس وقت 1960ء کے 3طیارے وزارت کے پاس ہیں جن میں سے ایک خراب ہے ۔ شارٹ ٹرم منصوبے میں سپرے کیلئے طیارے کرائے پر لینے کی تجویز دی جائیگی۔ وزارت تحفظ خوراک نے چین سے طیارے مانگے ہیں مگرتاحال جواب موصول نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے وزارت تحفظ خوراک کو مکمل تعاو ن کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ سیکرٹری تحفظ خوراک ہاشم پوپلزئی نے بتایا کہ بہار کے موسم میں ٹڈی دل کے حملے کا شدید خطرہ لاحق ہے اور ہمیں ابھی سے اقدامات کرنا ہونگے ۔