نئی دہلی(نیوزایجنسیاں )نئی دہلی کے ریاستی انتخابات کیلئے آٹھ فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ تمام سیاسی جماعتیں زور و شور سے انتخابی مہم چلا رہی ہیں لیکن یہ انتخابات بھارت بمقابلہ پاکستان کے نعرے میں تبدیل ہو رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق بی جے پی کے مقامی رہنما اور امیدوار کپل مشرانے اپنے متنازعہ بیان میں ان انتخابات کو بھارت بمقابلہ پاکستان قرار دیدیا۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا آٹھ فروی کو دہلی کی سڑکوں پر بھارت اور پاکستان کا مقابلہ ہوگا۔ان کی اس ٹویٹ پر بہت سے لوگوں نے اعتراض کیا اور سوال اٹھایا کہ دہلی کے انتخابات سے پاکستان کا کیا لینا دینا ہے ؟ مشرا نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی کہا تھا کہ شہریت کے قانون کیخلاف احتجاج کے مقام شاہین باغ میں پاکستان داخل ہو چکا ہے ۔دلی میں جگہ جگہ چھوٹے چھوٹے پاکستان بنائے جا رہے ہیں۔مشرا کی ٹویٹ میں انڈیا سے مراد بی جے پی اور پاکستان سے مراد دلی کی حکمراں جماعت عام آدمی پارٹی تھی۔ یہ بحث ہو رہی ہے اس ٹویٹ میں اشارہ تھا عام آدمی پارٹی اور اس کے رہنما مسلمانوں کے حامی ہیں۔ بی بی سی کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے ٹوئٹر سے درخواست کی ہے کہ وہ بی جے پی رہنما کی ٹویٹ کو ہٹا دے ۔ الیکشن کمیشن نے مشرا کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا ہے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت کیوں نہ ان کیخلاف کاروائی کی جائے ؟