کرونا وائرس نے لاک ڈاوٗن کے ذریعے پوری دنیا کو ایک قید خانہ میں تبدیل کردیا ہے۔ جنہوں نے کبھی جیل نہیں دیکھی یا آزاد ممالک کی آزاد فضائوں میں ہی سانسیں لی ہوں، ان کو قید و بند کی زندگی کا احساس کروانا اور ایک قیدی کی نفسیات کا ادراک کروانا خاصا مشکل ہوتا ہے۔اس کا مجھے بارہا تجربہ ہوچکا ہے۔ جن معمولات کی طرف کبھی ہمارا دھیان ہی نہیں جاتا ہے، قیدی کیلئے وہ ایک بڑی نعمت ہوتی ہیں۔ مثال کے طور پر جب آپ کا دل چاہے آپ کھڑے ہوسکتے ہیں، بیٹھ سکتے ہیں۔ قیدی اپنی مرضی سے یہ کام نہیں کرسکتا ہے۔ اس بار لاک ڈاون کی وجہ سے ماہ مبارک رمضان کے معمولات بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مساجد میں اذانیں تو ہو رہی ہیں، مگر آپ نماز اور افطار کیلئے باہر نہیں جاسکتے ہیں۔ وہ چہل پہل، بچوں کا شور، افطاری کی تیاریاں، انواع و اقسام کے کھانے اور خریداری سب کچھ تھم گیا ہے۔ سب رونقیں چھن گئی ہیں۔ 2020کے اس کرونا وائرس سے متاثر رمضان کے دوران مجھے رہ رہ کر 2002میں دہلی کی تہاڑ جیل میں گذارے روزوں کی یاد آرہی ہے۔ ان دنوں رمضان نومبر کے مہینے میں تھا۔ پچھلے سات مہینوں سے ہائی اسکیورٹی وارڈ کی قید تنہائی او ر پھر دیگر وارڈز میں زندگی گذارنے کے بعد رمضان سے چند روز قبل مجھے تہاڑ کی جیل نمبر تین کے وارڈ نمبر 11میں منتقل کیا گیاتھا۔ اس وارڈ میں اکثر ان ہی قیدیوں کو رکھا جاتا ہے ، جو اندار اگاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی سے فاصلاتی تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس وارڈ میں کئی کلاس رومز اور ایک لائبریری موجود ہے۔ دیگر وارڈز کے مقابلے یہاں تعلیم یافتہ قیدیوں کی اکثریت تھی۔ گو کہ بندشوں میں کوئی کمی نہیں تھی، مگر چونکہ اکثر قیدی اشرافیہ طبقہ سے تھے، اسلئے یہاں نسبتاً ہوسٹل جیسا ماحول تھا۔ وائٹ کرائم میں ملوث افراد کو بھی اسی وارڈ میں رکھا جاتا تھا۔ کیونکہ دیگر وارڈز میں سینئر قیدی یا گینگ ان سے خاصا برا سلوک کر کے ان کو اذیتیں دیکر پیسے وصول کرتے تھے۔ یہ پیسے یا تو جیل ہی میں وصول کئے جاتے یا اگر بڑی رقم ہو تو باہر ان کے رشتہ داروں سے وصول کی جاتی تھی۔ اس وارڈ میں میرے پڑوسیوں میں کوئی اربو ں کے اسکیم میںملوث صنعت کار تو کوئی اعلیٰ سرکاری ملازم تو کوئی بینک ڈائریکٹر تھا۔ یعنی ایک طرح سے بڑی ہی متاثر کن کمپنی تھی۔ خیر رمضان کی آمد سے قبل جیل حکام نے اعلان کیا کہ جن قیدیوں کو روزے رکھنے ہیں وہ اپنے آپ کو رجسٹرڈ کروالیں۔ کیونکہ سحری کیلئے لنگر سے خصوصی انتطام کرنا تھا اور لنچ سے ان کے نام کاٹنے تھے ۔ افطار کیلئے انتظام کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی، کیونکہ اسی وقت پوری جیل میں ڈنر تقسیم ہوتا تھا۔ گو کہ جیل میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر ریکارڈ نہیں رکھا جاتا ہے۔ مگر اس رجسٹریشن کے ذریعے پتہ چلتا ہے کہ جیل میں اس وقت کتنے مسلمان قید و بند کی زندگی گذار رہے ہیں۔ 2002میں مجھے یاد ہے کہ جیل کی کل آباد ی کا 30فیصد مسلمان تھے۔ چند روز قبل پتہ چلا کہ اس سال جیل کی کل دس ہزار کی آبادی میں سے 2500قیدیوں نے اپنے آپ کو روزہ کیلئے رجسٹرڈ کروایا ہے۔ یعنی مسلمانوں کی آبادی 25فیصد سے زائد ہے، جبکہ دہلی میں مسلمانوں کی آبادی 12فیصد سے زائد نہیں ہے۔ پولیس کی طرف سے مسلم نوجوانوں کو فرضی کیسوں میں بند کرنے کے علاوہ مجھے ادراک ہوا کہ معمولی جرائم نیز اسمگلنگ، جعلی دستاویزات، چوری چکاری اور جیب تراشی کے پیشوں میں بھی مسلمانوںکاتناسب خاصا زیادہ ہے۔ قیدیوں کی ایک بڑی تعداد یعنی 78فیصد نچلے طبقے سے تعلق رکھتی تھی۔ یعنی غریبی اور جرائم کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ دوسرا بھارت کے عدالتی نظام کا کما ل ہے ۔ اگر ایک ہی کیس میں ہندو اور مسلمان ملوث ہیں، تو ہندو کو جلد ہی ضمانت ملتی ہے اور مسلمان ماہ و سال جیل کی زینت بنایا جاتا ہے۔ خیر رمضان کا اعلان ہوگیا ۔ جیل نمبر 3کے سپرنٹنڈنٹ اے ، کے ، کوشل قیدیوں کا حال چال پوچھنے آئے۔ میں نے ان سے گذارش کی کہ کیا تراویح کی نماز کا انتظا م ہوسکتا ہے؟ انہوںنے جیل مینول کا حوالہ دیکر کہا کہ جیل میں اجتماعی عبادت کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ ہندو تہوار اس پابندی سے مبرا تھے۔ میں نے ان سے سوال کیا کہ موجودہ جیل نظا م میں قیدی کی اصلاح نہ کہ سزا کو فوقیت حاصل ہے اور آپ کے پاس اصلاح کے کیا اوزار ہیں؟ ایک اڑیل قیدی بھی جیل میں آکر پشیمانی میں اپنے گناہوں کی معافی کیلئے سربسجود ہوجاتا ہے۔ تہاڑ جیل کی سابق سربراہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پانڈیچری کی موجودہ لیفٹیننٹ گورنر کرن بیدی نے اس کا خاطر خواہ استعمال کرکے قیدیوں کو مصروف رکھ کر جیل کے اندر ان کے ذریعے قانون شکنی کی کسی گنجائش کو ختم کر دیا تھا۔ کوشل صاحب راضی ہوگئے۔ وارڈ کی ایک بیرک جو کلاس روم کیلئے استعمال ہوتی تھی میں تراویح ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ جیل میں پانچ بجے ڈنر تقسیم ہوتا ہے اور اسکے بعد اسکول کی طرز پر وی شانتا رام کی ایک مشہور فلم کا نغمہ اے مالک تیرے بندے ہم۔ بطور اجتماعی دعا پڑھ کر شام کی گنتی ہوجا تی تھی اور قیدیوں کو بیرکوں میں بند کردیاجاتا تھا۔ اس رات بیرکوں سے نکال کر جیل حکام اور سپاہیوں کے سخت پہرہ میں ہم نے تراویح ادا کی۔ اتر پردیش کے اعظم گڈھ سے تعلق رکھنے والے ایک مولوی صاحب نے امامت کی اور نماز کے بعد رقت آمیز دعا کی۔ مگر اگلے روز بتایا گیا کہ تراویح کی اجازت واپس لی گئی ہے، مگر الگ الگ بیرکوں میں گنتی اور مقفل ہونے کے بعد نماز ادا کرنے کی اجازت ہے۔ معلوم ہوا کہ اعلیٰ حکام نے سپرنٹنڈنٹ کی سرزنش کی تھی اور دیگر وارڈوں کے قیدیوں نے بھی باجماعت تراویح ادا کر نے کا مطالبہ کیا تھا۔ ہماری بیرک میں بند کل 50قیدیوں میں سات یا آٹھ کے قریب مسلمان تھے۔ بیرک کے دروازے پر چرس رکھنے کے الزام میں بند ایک بڑے میاں نے ڈیرہ ڈالا ہوا تھا۔ ان کی ایک ٹانگ پولیس والوں نے انٹروگیشن کے دوران ناکارہ بنائی تھی۔ انہوں نے جوتے وغیرہ سلیقے سے غسل خانہ میں رکھوا کر نماز کیلئے جگہ خالی کروائی ۔ اس دن مجھے معلوم ہوا کہ بیرک میں ہمارا ایک ساتھی حافظ قرآ ن ہے۔ اس کی کسی بھی حرکت سے حافظ قرآن ہونا تو دور مسلمان ہونے میں بھی شک ہوتا تھا۔ اسکا شماربیرک کے دبنگ اور سینئر قیدیوں میں ہوتا تھا۔نئے قیدیوں کی ریگنگ کرنااور نئی گالیاں تخلیق کرنے میں انکو ملکہ حاصل تھا۔ بیرک کی اگلی قطاریں جو سینئر قیدیوں کیلئے مخصوص ہوتی تھیں، وہاں پر وہ رات بھر جوا کھیلتے اور نشہ کرتے رہتے تھے۔ بڑے میاں نے تراویح کی امامت کرنے کیلئے ان کو راضی کروایا۔(جاری ہے)