لاہور،اسلام آباد(خبر نگار خصوصی ،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے گندم چینی بحران کی رپورٹ کو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف فرد جرم قرار دے دیا۔شہباز شریف نے گندم چینی بحران سے متعلق ایف آئی اے رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عوام کے ساتھ مل کر کورونا وائرس کے خلاف جنگ کرنے کے لئے لندن سے آیا تھا، میں یہ سوچ کر وطن واپس آیا تھا کہ سیاست اور ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر قوم کی خدمت کرنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے رپورٹ سنگین انکشاف ہے جس کی روشنی میں بحران میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ دیکھتے ہیں کہ وزیراعظم اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری پر کیا سزا مقرر کرتے ہیں۔دوسری طرف نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا شریف خاندان اور (ن)لیگ ہے ،ان کا ایجنڈا ملک کی خدمت نہیں،ان کا ایجنڈا انتقام پر مبنی ہے ، حکومت نے نہیں بتایا کہ ٹائیگر فورس کی تربیت کا کیا بندوبست ہے اور ان کی حفاظت کا کیا بندوبست ہے ، یہ ایک سیاسی ناٹک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جب خود کہیں گے کہ گھبرانانہیں ہے تو پھر لوگ معمول کا کام کرتے رہیں گے ، ہم اپنے علماء کرام کو قائل نہ کر سکتے اور اپنے ملک کے اندر مذہبی اجتماعات کو روک نہ سکتے ۔ ہم نے یہ دیکھا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایزاپنے لیٹر ہیڈ پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی فہرستیں بنا کر ضلعی انتظامیہ کو بھیج رہے ہیں کہ ان کو نوٹیفائی کیا جائے کہ یہ ٹائیگر فورس ہو گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی مدت 2021تک تھی لیکن پی ٹی آئی حکومت نے انہیں جلد بازی میں غیر قانونی قانون پاس کرا کر وقت سے پہلے توڑ دیا ۔علاوہ ازیں ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنائنے چینی چور ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ، چیئرمین نیب اپنا قانونی فرض ادا کریں ۔ چوروں کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آگیا ہے ۔دریں اثنا مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی ترجمان کی پریس کانفرنس ایف آئی اے کی رپورٹ کے برعکس ہے ۔