لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) ڈرگ کنٹرول ونگ، پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے شادمان میں کارروائی کرتے ہوئے زائد المیعاد طبی آلات برآمد کرکے گودام کو سیل کر دیا جبکہ اسکے مالک کو بھی گرفتار کر لیا گیا ۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ زائد المیعاد طبی آلات کی پیکنگ پر نئی جعلی تاریخ کے لیبل لگا کر ان کو نئے آلات کے ساتھ فروخت کیا جاتا تھا جس پر گودام کے مالک وسیم اعجاز کو گرفتار کر کے اسکے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اﷲ رانجھا بھی موجود تھے ۔برآمد ہونے والے تمام زائد المیعاد ادویات اور سرجیکل آلات کو قبضے میں لے لیا گیا۔ دریں اثنا پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے عطائیوں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران مزید 25 کاروبار سیل کر دئیے ہیں۔کمیشن کی ٹیموں نے پولیس کے ساتھ مل کرفیصل آباد، گجرات سمیت پانچ شہروں میں کارروائی کی جبکہ لاہورمیں بند کیے گئے اڈوں میں فا طمہ عمران میڈیکل سنٹر،نذیر میڈیکل کمپلیکس،رشید میڈیکل سٹور،مطب آفتاب اور عمر میڈیکل سنٹر شامل ہیں۔