اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کرلیا، ٹیلیفونک رابطے میں دو طرفہ تعلقات،فلسطین کی صورتحال اورافغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا،وزرائے خارجہ نے درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے سٹریٹجک شراکت داری کے فروغ اور امن و استحکام اورقانون کی بالادستی کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کارلانے پراتفا ق کیا،۔شاہ محمودقریشی نے مریخ پرکامیاب لینڈنگ پرچینی قیادت اورعوام کومبارکباددی اور کہاپاکستان اورچین کی مثالی اورلازوال دوستی خصوصی اہمیت کی حامل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے سدباب اور نہتے فلسطینیوں کو بربریت سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو فوری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو فلسطین کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے عالمی برادری کے ساتھ جاری روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی امن و استحکام کیلئے مشترکہ کاوشوں پراتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے فلسطین کی صورتحال اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاپاکستان، فلسطینیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کیلئے پرعزم ہے ، پاکستان آزاد ریاست فلسطین کے قیام کی حمایت جاری رکھے گا ۔سعودی وزیر خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔شاہ محمود قریشی نے مصر کے وزیر خارجہ سامع حسن شکری کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کیلئے رابطوں پراتفاق کیا۔وزیر خارجہ نے فلسطینی وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کر کے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دوسری طرفشاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دو طرفہ تعلقات ،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی جانب سے مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، پرامن، خودمختار، متحد، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے قیام کیلئے کی جانے والی عالمی کاوشوں کی معاونت جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژکرنے کے متمنی عناصر ’’سپائیلرز‘‘ کے کردار پر بھی نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔سوڈان کی وزیر خارجہ مریم الصادق المہدی نے شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،دونوں وزرائے خارجہ نے نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی اور عالمی فورمز پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے ۔