کراچی (نیٹ نیوز،این این آئی)تمغہ امتیاز حاصل کرنیوالی معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بربریت پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے۔ سوال کیا ہے کہ دنیا بھارتی فوج کی جارحیت کے سامنے چپ کیوں ہے ؟۔گزشتہ روزسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے مقبوضہ کشمیر کے علاقہ سوپور میں پیش آنیوالے واقعہ کی تصویریں شیئر کیں جن میں 3سالہ ننھا بچہ خون میں لت پت اپنے نانا کی لاش پر بیٹھا ہوا ہے اور انہیں جگانے کی کوشش کررہا ہے ۔مہوش حیات نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو دنیا کیلئے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ اگر یہ واقعہ بھی آپ کو جھنجوڑ نہیں رہا تو مجھے نہیں معلوم کہ آپ کس چیز کا انتظار کررہے ہیں۔اداکارہ نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ دنیا کس طرح چْپ چاپ تماشہ دیکھ اور بھارتی افواج کو معصوم اور بیگناہ کشمیریوں پر مظالم، جارحیت اور بربریت کی اجازت دے سکتی ہے ؟۔ہم کب تک سچائی سے منہ موڑیں اور اپنی آنکھیں بند رکھیں گے ، اس بربریت کے خاتمے کی ضرورت ہے ،اس ظلم کو روکنا ہوگا کیونکہ کشمیریوں کی زندگیاں بھی اہمیت رکھتی ہیں۔