اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں غیرجمہوری اورفسطائی نظریہ مسلط کیا جا رہا ہے ۔ ہفتہ کو ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے برطانوی میگزین دی اکانومسٹ کے سر ورق کی تصویر شیئر کی، جس میں میگزین نے بھارت کو عدم برداشت والا ملک قرار دیتے لکھا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو مودی کے اقدامات سے کیسے کیسے خطرات درپیش ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا دنیا اب برملا تسلیم کررہی ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت میں غیرجمہوری اور فاشسٹ نظریہ مسلط کیاجا رہا ہے ، یہ خطے کی سلامتی اور امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے ۔ انہوں نے کہا 80 لاکھ کشمیری اور بھارت میں بسنے والے کروڑوں مسلمان پہلے ہی مودی کی سفاک پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ رہے ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ملاقات کی جس میں حکومتی صفوں میں دھڑے بندی اور اختلافات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔محمود خان نے گروپ بندی پروزیراعظم کو رپورٹ پیش کردی۔